جناح کی آواز

 


میرے نزدیک ہماری بیشتر مشکلات کا سبب یہ ہے کہ ہماری تاریخ اِس وقت کسی کو بھی معلوم نہیں ہے۔ یعنی ایسا نہیں ہے کہ عوام اپنی تاریخ سے بیخبر ہو گئے ہوں اور ماہرین کے پاس معلومات موجود ہوں۔ بلکہ میں سمجھتا ہوں کہ ہماری تاریخ بالکل اس طرح گم ہو گئی ہے جیسے کسی کا حافظہ کھو جائے۔



اس لیے اس سال میرے دو منصوبے ہیں۔

پہلا منصوبہ یہ ہے کہ کچھ کتابیں پیش کی جائیں۔ ان میں علامہ اقبال کے مستند حالاتِ زندگی پر مبنی تین کتابیں شامل ہیں، جن میں میری اپنی رائے شامل نہیں ہو گی۔ صرف واقعات اور حقائق ہوں گے۔ "اقبال کی جستجو” 1906 تک، "اقبال کا راستہ” 1907 سے 1926 تک اور "اقبال کی منزل” 1927 سے 1946 کے عرصے پر محیط ہے لیکن پہلے "اقبال کی منزل” پیش کی جا رہی ہے کیونکہ اس کا زمانہ تحریکِ پاکستان سے وابستہ ہے۔ رائٹ وژن فاؤنڈیشن یہ کتاب شائع کر رہی ہے اور انشأ اللہ 23 مارچ تک آپ کے ہاتھوں میں ہو گی (کوشش ہو گی کہ آپ گھر بیٹھے اسے خرید سکیں۔ اس سلسلے میں جلد ہی معلومات فراہم کر دی جائیں گی لیکن اگر آپ چاہیں کہ ایمیل کے ذریعے آپ کو باخبر رکھا جائے تو khurramsdesk@gmail.com پر اپنا ایمیل ایڈریس بھیج دیجیے)۔۔

میں نے اس سے پہلے اقبال کی سوانح پر جو کتابیں لکھی ہیں، یہ اُن سے بالکل الگ ایک نئی سیریز ہے۔

میرا دوسرا منصوبہ یہ ہے کہ ہر ہفتے ایک پوسٹ کے ذریعے کچھ اہم باتیں سب کے ساتھ شئیر کروں۔ ان کی بنیاد بھی یہی کتابیں ہوں گی لیکن کتابوں کے برعکس یہاں میں اپنی رائے بھی پیش کروں گا۔ چنانچہ اپنی اُردو ویب سائٹ اور بلاگ کو نئے سرے سے ترتیب دے کر بہتر بنا رہا ہوں۔ یہ ہفتہ وار پوسٹس یہیں پیش کی جائیں گی۔

بہت سے پڑھنے والوں نے اس کی فرمایش بھی کی ہے۔ ایسے احباب سے میں یہ  کہنا چاہتا ہوں کہ آئیے ہم یہ فرض کر لیں کہ ہم ایک سال کے لیے ایک درس گاہ میں داخلہ لے رہے ہیں، جو کسی عمارت میں نہیں بلکہ ہمارے دِلوں میں ہے۔ ہم ایک سال کا کورس کر رہے ہیں، جس کا مقصد اپنے بارے میں ضروری معلومات حاصل کرنا ہے۔ یہ ہفتہ وار پوسٹس اس "کورس” کے لیکچر ہیں۔ اور جو کتابیں میں اس سال پیش کر رہا ہوں، وہ اِس کے لیے درسی کتابیں ہیں۔

اگلے دس ہفتے تک میں "اقبال کی منزل” کے تعارف پر مبنی پوسٹس پیش کروں گا۔ یعنی یوں سمجھ لیجیے کہ ہمارے اِس ایک سال کے "کورس” کا پہلا حصہ دس ہفتوں پر مبنی ہے، اور اِن دس ہفتوں کے لیے "اقبال کی منزل” ہماری درسی کتاب ہے جس پر لیکچر دئیے جا رہے ہیں۔

آج کا موضوع


آج ہم یہ دیکھیں گے کہ ہمیں اپنی تاریخ کے جو واقعات معلوم ہیں، اُن سب میں سے ایک ضروری چیز نکال دی گئی ہے جس کی وجہ سے وہ واقعات بھی بیجان ہو گئے ہیں، اور ہم بھی۔ مثال کے طور پر میں ایک ایسا موضوع منتخب کر رہا ہوں جو ہم سب نے کبھی نہ کبھی ضرور پڑھا ہوتا ہے، یعنی "جناح کے 14 نکات”۔ آئیے، آج اُس زمانے میں واپس چل کر دیکھتے ہیں۔

دہلی مسلم تجاویز اور نہرو رپورٹ


مارچ 1927 میں جناح کی دعوت پر کئی مسلم رہنما دہلی کے ویسٹرن ہوٹل میں جمع ہوئے۔ تقریباً دس برس پہلے ہندو راضی ہو گئے تھے کہ مسلمان اپنے نمایندے خود منتخب کیا کریں لیکن اب اکثر ہندو رہنماؤں کو اعتراض ہو رہا تھا۔ اس لیے اُس روز مسلم رہنماؤں نے کچھ متبادل تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہندو انہیں مان لیں تو مسلمان علیحدہ انتخاب چھوڑ دیں گے۔

انڈین نیشنل کانگرس کے سالانہ اجلاس (دسمبر 1927) میں کہا گیا کہ مسلم رہنماؤں نے یہ تجاویز پیش کر کے اعلیٰ ظرفی کا ثبوت دیا ہے۔ کانگرس نے تجاویز کی حمایت میں قرارداد منظور کی، اُسے ’’قراردادِ اتحاد‘‘ کا نام دیا اور کہا:

’’آج آپ نے آزاد ہندوستان کی صرف بنیاد ہی نہیں رکھی۔ بلکہ آپ سمجھ سکتے ہیں کہ آپ اُسے حاصل کر رہے ہیں۔‘‘

اس کے بعد موتی لعل نہرو (جواہر لعل کے والد) کی صدارت میں ایک کمیٹی بنی تاکہ ہندوستان کا دستور تیار کر کے انگریزوں کے سامنے پیش کرے۔ لیکن جب اس کمیٹی نے (اگست 1928 میں) اپنی رپورٹ پیش کی تو مسلم رہنماؤں کی دہلی والی تجاویز اور کانگرس کی ’’قراردادِ اتحاد‘‘ نہ صرف غائب تھیں بلکہ تقریباً ہر بات ان کے برعکس تھی!

سرے سے وہ چیز ہی بھلا دی گئی جسے کچھ ہی مہینے پہلے کانگرس نے ہندوستان کی آزادی کی بنیاد کہا تھا۔

آل انڈیا مسلم کانفرنس


اب مسلم جماعتیں اکٹھی ہوئیں تاکہ یہ طے کریں کہ مسلمانوں کا متفقہ مطالبہ کیا ہے۔ آل انڈیا مسلم  کانفرنس بنائی گئی جو کچھ سال قائم رہی (بعد میں علامہ اقبال بھی اس کے صدر ہوئے)۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آغا خاں سوئم نے کہا:

’’دورِ جدید کی تاریخ کا اہم سبق، میرے نزدیک،  یہ ہے کہ صرف وہی قومیں کامیاب ہوتی ہیں اور صرف وہی پالیسیاں قوموں کی عظمت کا باعث بنتی ہیں جو چند رہنماؤں یا مفکروں کے افکار و تصورات پر مبنی نہ ہوں، خواہ وہ کتنے ہی عظیم کیوں نہ ہوں، بلکہ جو سب کے اتفاقِ رائے اور عوام  کی آرأ پر مبنی ہوں… وقت آ گیا ہے کہ ہمارے رہنما زمین سے کان لگا کر عوام کے  خیالات اور خواہشات کا صحیح اندازہ کرنے لگیں۔‘‘

یکم جنوری 1929 کو تمام شرکأ نے متفقہ طور پر  قرارداد پیش کی تو اقبال نے کہا:

’’آج اس کانفرنس میں متفقہ طور پر جو ریزولیوشن پیش ہوا ہے، وہ نہایت صحیح ہے اور اس کی صحت کے لیے میرے پاس ایک مذہبی دلیل ہے، اور وہ یہ کہ ہمارے آقائے نامدار حضور سرور عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے کہ میری امت کا اجتماع کبھی گمراہی پر نہ ہوگا۔‘‘

جناح کے 14 نکات


جناح اس کانفرنس میں شریک نہیں ہوئے بلکہ یہ کہا کہ مسلمانوں کو صرف مسلم لیگ کے  پلیٹ فارم پر جمع ہونا چاہیے۔ مسلم لیگ اُن دنوں دو گروپوں میں تقسیم تھی اور جناح کے گروپ نے کانفرنس میں شرکت کے خلاف قرارداد بھی منظور کی۔

لیکن جب کانفرنس  نے مسلمانوں کا ایک متفقہ فیصلہ پیش کر دیا تو جناح قائل ہو گئے۔ اُن کے مسلم لیگ گروپ کی کونسل نے ان سے بھی کہا کہ متفقہ مطالبات کی قرارداد تیار کریں۔ اُنہوں نے جو دستاویز تیار کر کے (مارچ 1929 کے اواخر میں) کونسل کے حوالے کی وہ 14 نکات پر مبنی تھی، اس لیے اسے "14 نکات” کہا گیا۔ لیکن اسے پیش کرتے  ہوئے انہوں نے جو ضروری وضاحت کی، وہ عام طور پر بھُلا دی گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا:

’’میں ایک چیز واضح کر دینا چاہتا ہوں۔ یہ تاثر موجود ہے کہ میں نے  لیگ کی کونسل  کے سامنے جو قرارداد پیش کی ہے وہ  میرے ذاتی خیالات پر مشتمل ہے۔ یہ درست نہیں ہے۔ میں نے محض وہ کام پورا کیا ہے جو مجھے کونسل کی طرف سے 3مارچ کو سونپا گیا تھا کہ جہاں تک ہو سکے مختلف گروہوں اور مکاتیبِ فکر سے مشاورت کروں اور اُن کے سامنے ایک ڈرافٹ پیش کروں جسے عوام کی بڑی تعداد کی حمایت حاصل ہو۔ لہٰذا میں نے ان ہدایات کے تحت، اور اپنی بہترین صلاحیت اور سوجھ بوجھ کے مطابق، مختلف لوگوں سے خیالات لیے ہیں۔ میں نے کوشش کی ہے کہ ایک ایسا ڈرافٹ پیش کروں جس میں اکثریت کی آرأ شامل ہوں۔ لیکن بہرحال یہ محض ایک ڈرافٹ ہے اور حتمی فیصلہ سبجکٹس کمیٹی پر منحصر ہے۔‘‘

یعنی جناح نے انہیں اپنے نکات کہہ کر پیش نہیں کیا بلکہ کہا کہ یہ مختلف لوگوں سے لیے گئے ہیں۔ حقیقت میں ان کا مضمون مسلم کانفرنس کی قرارداد کے مطابق تھا۔ اس لیے جلد ہی مسلم کانفرنس نے بھی اپنی قرارداد کو 14 نکات کی صورت میں ترتیب دے دیا۔ اگلے دس بارہ سال تک سیاسی گفتگو میں جناح کے 14 نکات، مسلمانوں کے 14 نکات، مسلم کانفرنس کی قرارداد اور مسلم کانفرنس کے 14 نکات کا ایک ہی مطلب سمجھا جاتا تھا۔ جواہر لعل نہرو نے تو اقبال کے 14 نکات بھی کہا۔

لاعلمی کے سرچشمے


کہتے  ہیں کہ کتابیں پڑھنے سے علم بڑھتا ہے۔ ممکن ہے کہ بعض کتابوں کی حد تک یہ درست ہو ۔ لیکن آج کل ایسی کتابیں خاصی ہو گئی ہیں جنہیں پڑھنے سے علم گھٹ جاتا ہے۔ مثلاً ایک امریکی یونیورسٹی کے پروفیسر اسٹینلے والپورٹ کی لکھی ہوئی ’’جناح آف پاکستان‘‘ کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ یہ قائداعظم کی بہترین سوانح ہے۔ لیکن اسے پڑھ کر قائداعظم کے متعلق علم میں اضافہ ہو سکتا ہے یا کمی، اِس کا فیصلہ آپ ایک مثال سے کر لیجیے (مزید مثالیں پیش کی جا سکتی ہیں)۔

جیسا کہ ہم نے دیکھا، جناح مسلم کانفرنس میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ اُس کانفرنس کی سرکاری رپورٹ میں اُن کا ٹیلی گرام ہے، تقریروں میں بھی اس بات کا ذکر ہے اور جناح کی مسلم لیگ کی قرارداد بھی ہے۔

لیکن اب آپ والپورٹ صاحب کی کتاب کے صفحہ 103 پر اسی کانفرنس کے حوالے سے یہ منظرکشی ملاحظہ فرمائیے:

’’1929 کے پہلے دن وہ آل پارٹیز مسلم کانفرنس میں داخل ہوئے، جس کی صدارت دہلی میں آغا خان کر رہے تھے … شفیع اپنے پنجابی رفقاء کے ساتھ وہیں موجود تھے جب جناح لال قلعہ کے پریڈ گراؤنڈ پر بنے ریشمی پنڈال میں داخل ہوئے۔ جناح تاخیر سے آئے تھے اور اکیلے بیٹھے تھے۔ وہ ہنوز متذبذب تھے … کیا یہ واقعی اُن کا وَطن تھا؟ کیا یہ حقیقتاً انہی کے لوگ تھے؟“

مصنف نے کسی ماخذ کا کوئی حوالہ نہیں دیا اور دیتے بھی کیسے جبکہ ماخذ صرف اُن کا بے لگام تخیل ہے۔ یہ انجانے میں کی گئی غلطی ہو، جان بوجھ کر تاریخ بگاڑنے کی کوشش ہو یا خالص اور مکمل جہالت، بہرحال یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ اِس قسم کی کتابوں سے علم اور شعور میں اضافہ نہیں بلکہ صرف کمی واقع ہو سکتی ہے۔

راہِ عمل


آج ہم نے دیکھا کہ اُس زمانے کے تین بڑے مسلمان رہنماؤں یعنی آغا خاں، اقبال اور جناح نے کہا کہ وہ اپنی رائے قوم سے قبول نہیں کروانا چاہتے بلکہ قوم کی رائے کو خود قبول کرنا چاہتے ہیں۔

میں چاہتا ہوں کہ آج کی پوسٹ سے ہم صرف یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ خیالات کے جنم لینے کا صرف یہی طریقہ نہیں ہوتا کہ خیال کسی فردِ واحد کے ذہن میں جنم لے اور پھر وہ فرد معاشرے کو قائل کرنے کی کوشش کرے۔ 

دوسرا طریقہ بھی ہے، جو ہم نے یہاں دیکھا کہ خیالات معاشرے میں اجتماعی طور پر پیدا ہوئے اور مفکر یا لیڈر نے صرف ان خیالات کو جمع کر کے ان کے درمیان وحدت دریافت کرنے کی کوشش کی۔ اقبال نے اس طریقے کی ایک علمی وضاحت بھی پیش کر رکھی ہے لیکن وہ وضاحت ہماری سمجھ میں کیسے آ سکتی ہے جب تک ہمیں کچھ مثالیں معلوم نہ ہوں؟

اسی لیے آج اس کی ایک اہم مثال آپ کے سامنے پیش کی ہے، یعنی 14 نکات جناح نے قوم کو نہیں بلکہ قوم نے جناح کو پیش کیے تھے۔ 14 نکات کے بارے میں یہی وہ اہم بات ہے جسے اس موضوع سے خارج کر کے اسے بھی اور ہمیں بھی بیجان کر دیا گیا ہے۔

میری تجویز ہے کہ اِس بات کو زیادہ اچھی طرح ذہن نشین کرنے کے لیے ہم اِسے ایک ایسے قومی نغمے سے منسلک کر لیں جو شاید ہم سب کو زبانی یاد ہے۔

صہبا اختر کے "میں بھی پاکستان ہوں، تُو بھی پاکستان ہے” میں شاعر اپنا نظریہ معاشرے پر مسلط کرنے کے لیے بیتاب نہیں ہے بلکہ وہ اُسی جذبے سے سرشار ہے جو ہم نے آج کی پوسٹ میں بعض بڑے رہنماؤں کی تقاریر میں دیکھا ہے۔ وہ یہ ضرور کہہ رہا ہے کہ پاکستان "عقیدہ” اور "نظریہ” بھی ہے لیکن اُس کے نزدیک "رنگ برنگی دنیا” میں اس عقیدے اور نظریے کی پہچان بھی یہی ہے کہ ہم سب اس پر ہمیشہ متفق ہو جاتے ہیں۔ آئیے، اِس نغمے کو اُس تقریر کی روشنی میں سنتے ہیں جو جناح نے 14 نکات پیش کرتے ہوئے کی تھی:

کہتی ہے یہ راہِ عمل، آؤ ہم سب ساتھ چلیں
مشکل ہو یا آسانی، ہاتھ میں ڈالے ہاتھ چلیں!



میرا خیال ہے کہ ہم میں سے کوئی وہ دلخراش سانحہ نہیں بھول سکتا جو 16 دسمبر 2014 کو آرمی پبلک اسکول پشاور میں پیش آیا تھا۔ اُس موقع پر ایک پاکستانی ٹرک ڈرائیور نے، جو غالباً سعودی عرب میں کام کرنے گیا ہوا تھا، جو پیغام اپنی ویڈیو میں پوسٹ کر کے سوشل میڈیا پر شئیر کیا وہ میں آج آپ کے سامنے اِس لیے پیش کر رہا ہوں کہ ذرا غور کیجیے، اِس ٹرک ڈرائیور کے دل سے جس نے غالباً بہت اعلیٰ تعلیم حاصل نہیں کی ہے، اُس اچانک سانحے پر بیساختہ جو آواز نکلی اُس میں وہی شعور جھلک رہا ہے جو آج ہم نے جناح کی 14 نکات والی تقریر اور بعض دوسرے تاریخی بیانات میں دیکھا ہے۔

اگر مجھے اِس شخص کا پتہ معلوم ہوتا تو میں "اقبال کی منزل” کی ایک اعزازی کاپی اِسے یہ کہہ کر پیش کرتا کہ اس میں جو کچھ ہے، وہ آپ کو پہلے سے معلوم ہے۔



مجھے افسوس ہے کہ اِس چار سال پرانی ویڈیو نے پرانے زخم تازہ کر دئیے ہوں گے۔ لیکن ویسے بھی ہم حال ہی میں پیش آنے والے سانحۂ ساہیوال کی وجہ سے بھی سوگوار ہی ہیں، اِس لیے "اِس دنیا میں جینا ہے تو اپنے آپ کو جانو!”


-جاری ہے-

اس تعارفی سیزیر کی قسط 2, "اقبال کا خواب”، جمعہ یکم فروری کو پیش کی جائے گی۔ ہم جانتے ہیں کہ علامہ اقبال نے خطبۂ الٰہ آباد میں پاکستان کا تصوّر پیش کیا لیکن آپ کو شاید یہ جان کر حیرت ہو کہ اتنے اہم واقعے کے بارے میں ہمارے ماہرین نے ٹھوس معلومات حاصل کرنے میں کتنی غفلت برتی ہے، جس کی وجہ سے طرح طرح کی بحثیں پیدا ہو کر ہمارے کنفیوژن میں اضافے کا سبب بنتی ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ آیندہ جمعے ان میں سے بعض بحثوں کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو جائے!


 

“جناح کی آواز” پر 12 تبصرے

  1. Boht umda tehreer apny theek kaha k aj kl ki books se knowledge kam hi milti hy or fiction zyada unka bhi qusoor nhi shyd unka knowledge hi itna hy hmen hmari qoum ko ap jese writers ki boht zroorat hy

  2. خرم بھائی،
    تبصرےمیں دیر کی معذرت۔ یہ تحریر یا تحریک بہت ہی ضروری ہے خصوصاَ موجودہ حالات میں۔

    ایک تو ہم تاریخ بھولتے جا رہے ہیں، دوسرے کچھ اس سلسلے میں شعوری کوششیں بھی کی جارہی ہیں تاکہ اپنے اپنے برانڈ کی تاریخ دوبارہ رقم کرکے اس نظریاتی ریاست کی بنیاد ہی کھوکھلی کر دی جائے۔ جب تاریخ سے واقفیت ہی نہ ہو تو نئی نسل کو کسی بھی بات پر قائل کر کے ان کو اپنے آباء و اجداد کی سوچ اور ان کے فیصلوں سے بد ظن کر دینا آسان ہو جاتا ہے۔ ٹکنالوجی کا استعمال اس میں منفی قوتیں خوب کر رہی ہیں۔ جو منفی یا دروغ آمیز بات چاہیں دلچسپ انداز میں پیش کر کے سماجی رابطوں فیس بک یا وہاٹس ایپ سے وائرل کر دیں۔۔۔ اور ہر ایک اس کو بغیر سوچے سمجھے آگے فارورڈ کر دے گا اور پھر جو چند اربابِ حل و عقد اسے پڑھ لیں گے وہ ہر جگہ "مستند ہے میرا فرمایا ہوا” کہہ کہہ کر اس کی جگالی کرتے رہیں گے۔ اور لوگ ایمان لا تے رہیں گے۔۔۔الامان و الحفیظ ۔۔۔

    آپ کا یہ دلچسپ سلسلہ اسی لیے ضروری ہے کہ شاید اسے پڑھ کر وہ لوگ چونکیں اور اسے آگے بڑھائیں جو دیگر خرافات کو سن سن کُڑھتے ہیں اور کوفت میں مبتلا ہوتے ہیں۔ ان مضامین سے فکر کو غذائیت میسر آتی ہے اور بولنے کے لیے نکات مل جاتے ہیں۔۔۔ اللھم زد فزد

    اس مضمون کی اساس جمہوری رائے پر ہے۔۔۔ اور تین بڑے رہنماؤں کے اقوال سے آپ نے ثابت کیا کہ جمہوری رہنما اپنی رائے دوسروں پر نہیں مسلط کرتے بلکہ جمہور کی رائے کی تجسیم کر کے انہیں الفاظ اوراعمال کا روپ دیتے ہیں۔۔۔ جس کے نتیجے میں قومیں آزاد ہوتی ہیں اور ملک وجود میں آتے ہیں۔۔۔

    بہت سی خرافات کے مقابلے میں یہ ہے وہ پوسٹ جس پر یہ لکھ کر آگے بڑھانے میں کوئی مذائقہ نہیں، "اسے اتنا شئیر کرو کہ قوم کے ہر فرد تک پہنچ جائے” (اب شیطان روکتا ہے یا کوئی اور، یہ ہمیں پہچاننا ہو گا! )

    احمد صفی
    ْا

  3. مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے مشترکہ جدوجہد ضروری ہے، تاہم ہر قسم کی شجاعت اور جدوجہد لاحاصل رہتی ہے جب تک مقصد کے حصول کیلئے کوئی راہ متعین نہ کی جائے۔ اب کون سی راہ متعین کرنی ہے اسکی رہنمائی جہاں ایک طرف ادیب ودانشور کر رہے ہوتے ہیں وہیں قوم کی رہنمائی کرنے والے سیاسی کردار ہوتے ہیں۔ یہ سیاسی کردار عصرِ حاضر کے رہنما تو ہوتے ہی ہیں مگر بانیانِ قوم کے افکار سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے اقوامِ عالم میں بانیانِ قوم کی تقاریر، تحاریک اور انکی تحریریں نمایاں طور پر مشتہر کی جاتی ہیں ۔ کتابیں چھاپی جاتی ہیں، مضامین لکھے جاتے ہیں، مذاکرے ہوتے ہیں، تقاریب منعقد کی جاتی ہیں، تاکہ نہ صرف جدوجہد کی تاریخ محفوظ رہے بلکہ بانیانِ قوم کے افکار سے مسلسل رہنمائی بھی ملتی رہے۔
    اب اگر اپنے وطنِ عزیز کی طرف نظر ڈالیں تو یہ افسوسناک حقیقت سامنے آتی ہے کہ ہم نہ صرف یہ کہ اس قسم کا کوئی اہتمام ہی نہیں کرتے جن کا ذکر اوپر کیا گیا بلکہ جیسا کہ خرم شفیق صاحب نے تحریر کیا کہ ہم اپنی تاریخ کو فراموش کرچکے ہیں۔ ستم بالائے ستم یہ کہ ہماری تاریخ کے حوالے سے دستیاب مواد، حوالے، اور کتابیں حقائق کے برعکس ہیں۔ خرم شفیق صاحب نے جس مشکل کام کا بیڑا اٹھایا ہےاس پہ نہ صرف ان کو مبارکباد بلکہ دعایئں کہ وہ اپنی کاوش میں سرخ رو رہیں اور ہم اپنی تاریخ کی درست تفصیلات سے آگاہی حاصل کرسکیں اور بانیانِ قوم کے افکار کی روشنی میں اپنی سمت کا صحیح تعین کرسکیں۔ مذید یہ کہ مضمون میں ذکر کردہ اور پیش کی گئی ویڈیو میں کی گئی اپیل پہ لبیک کہتے ہوئے ہم اپنے تفرقات کو پسِ پشت ڈال کر اپنے اندر اتحاد و اتفاق پیدا کریں اور گروہ بندی و تفرقہ بازی سے اپنے آپ کو دور کرلیں۔

  4. لگتا ہے کہ قوم غفلت کی گہری نیند میں ہے۔
    ایک کے بعد ایک سانحہ، لیکن کسی پر کوئی اثر نہیں۔
    گھپ اندھیرا، روشنی دور تک نہیں۔
    رب کریم رحم فرمائیں۔

  5. قلم اٹھتا ہے تو سوچیں بدل جاتی ہیں
    اک شخص کی محنت سے ملتیں تشکیل پاتی ہیں
    کیا خوب تھا وہ شخص جس نے دنیا کو بتایا
    کس طرح غور و فکر سے بے نام قوم نام پا جاتی ہے

  6. بہت عمدہ اور معلوماتی تحریر ۔پاکستان اور تحریک پاکستان پہ ایسی تحریر آتی رہنا چاہئے تاکہ سب اور خاص طور پہ نوجوان نسل کو آذادی کا اصل معنی سے آگاہی حاصل ہوتی رہے ۔ ویڈیو کا بہت اثرانگیز استعمال کیا اس طرح موضوع کو سمجھنے میں آسانی ہوگی ۔
    اسٹینلے والپورٹ کو پڑھا نہیں لیکن اب ایک جستجو ہےکہ دیکھا جائے کہ کیا لکھا ہے اس کتاب کا سرورق کافی خوبصورت ھے ۔
    اس تحریر میں کافی چیزیں ایسی ہیں جن کے بارے میں پیلے علم نہ تھا ۔ ان معلومات کے لئے آپ کا بے حد شکریہ۔۔

  7. اللہ آپ کو سرخرو کرے۔ آپ کی لگن اور جذبہ یقینأ قابل ستاٸش اور تقلید ہے۔

تبصرے بند ہیں۔